کابل(شِنہوا)افغان فورسز نے دارالحکومت کابل میں داعش (آئی ایس) کے ایک ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے چھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ افغانستان کی نگراں حکومت کے چیف ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں بتایا کہ امارت اسلامیہ کے خصوصی یونٹس کی فورسز نے گزشتہ روز داعش کے عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے کا پتہ چلاتے ہوئے اس کے دو کارندوں کو گرفتار کیا جس کے بعد پولیس ڈسٹرکٹ 8 میں ان کے ٹھکانے پر کی گئی کارروائی میں آج صبح چھ باغیوں کو ہلاک کیاگیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود جس میں رائفلز، دستی بم، دھماکہ خیز مواد اور ایک کاربھی شامل ہے قبضے میں لی گئی ہے۔ مارے گئے عسکریت پسندوں میں سے کچھ وزیر اکبر خان کی ایک مسجد اور دشت بارچی کے علاقے میں ایک کالج پر دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے جن میں ایک ہفتے قبل متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔ مجاہد نے آپریشن کے دوران ایک سیکیرٹی اہلکار کے ہلاک اور دوسرے کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی۔
افغان فورسز
افغان فورسزنے کابل میں داعش کے 6 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا
Oct 23, 2022