قصور +پتوکی(نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) قصور کے نواحی علاقے پھولنگر میں دو روز قبل لاپتہ ہونے والے بچے کی زیادتی کے بعد سرکٹی نعش کھیتوں سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ پتوکی میں دودھ فروش نے خاتون سے زیادتی کر ڈالی۔ قصور کے نواحی علاقے پھولنگر میں ملک مرات کا 13 سالہ بیٹا دو روز قبل گھر سے لاپتہ ہو گیا تھا۔ گاﺅں دینا ناتھ کے قریبی فصلوں سے بچے کی سر کٹی نعش برآمد ہوئی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ وقوعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین ٹیموں اور FPSA کو موقع پر طلب کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔ حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پتوکی گلشن سبحان کالونی میں رہائش پذیر اعظم علی کام کاج کے سلسلہ میں باہر گیا ہوا تھا اور اس کی بیوی کاجل نازیہ گھر میں اکیلی تھی کہ اسلحہ سے لیس ملزم منیر احمد اپنے دوسرے ساتھی اللہ رکھا کے ہمراہ گھر میں داخل ہو گیا اور گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی پہرہ دیتا رہا۔ خاتون کے شور مچانے پر اہل محلہ اکٹھے ہو گئے۔ ملزم سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔ تھانہ سٹی پولیس پتوکی میں منیر احمد اور اللہ رکھا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔