غیرقانونی مقیم افغانیوں کی واپسی میں 8 روز باقی: شیخوپورہ‘ فہرستیں تیار

شیخوپورہ‘ کراچی (نامہ نگار خصوصی+این این آئی) قابل اعتماد ذرائع کے مطابق سرکاری اداروں نے ضلع شیخوپورہ میں غیرقانونی طورپر مقیم غیرملکی باشندوں کی فہرستیں تیار کر لی ہیں جن کی تعداد 250 سے زیادہ بتائی گئی ہے۔ زیادہ تر افغان باشندے ہیں، کوائف کے مطابق نادرا سے تصدیق کروائی جا رہی ہے ۔ ڈی پورٹ کرنے کے انتظامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ ان باشندوں کو ڈی پورٹ کرنے سے قبل گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں رکھا جائے گا۔ کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان تارکین وطن کے خلاف آپریشن میں 8دن رہ گئے۔سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں 4 لاکھ جبکہ غیرسرکاری سروے کے مطابق سندھ بھر میں10 لاکھ سے زائد افغان تارکین وطن موجود ہیں ۔رپورٹ کے مطابق ڈھائی ہزار سے زائد افغان باشندوں کو کراچی ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے انکشاف کیا ہے کہ شہر میں ڈکیتیوں میں زیادہ تر افغان باشندے ملوث ہیں جو اپنا خوف پھیلانے کے لیے دوران ڈکیتی لوگوں کو مارنے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔کراچی پولیس چیف نے کہاکہ شہر میں دوران ڈکیتی گولی چلانے کا رواج افغان باشندے لائے ہیں۔ خادم حسین رند نے بتایا کہ رواں سال110 سے زائد افراد ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل ہوئے ۔

ای پیپر دی نیشن