لاہور(نیوز رپورٹر)بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ سے گزشتہ روز گورنر ہاو¿س لاہور میں اولڈ ایج ہوم میں رہنے والی خواتین نے ملاقات کی۔ بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ والدین کے اولاد پر بہت حقوق ہیں اور دنیا میں واحد بے غرض رشتہ والدین کا ہے۔ اس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں اولاد کو والدین کے ساتھ حسن سلوک اور خوش اسلوبی سے پیش آنے کی خاص تاکید ہے۔ اللہ تعالی فرماتا ہے: ”اور والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آو، اور ان میں سے کوئی ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کی عمر تک پہنچ جائیں تو انہیں اف تک نہ کہو، نہ انہیں جھڑکو اور ان سے احترام سے بات کرو“۔ بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے والدین توقع کرتے ہیں کہ ان کے بچے بڑھاپے میں ان کی دیکھ بھال کریں گے۔ ہمارے معاشرے میں اکثریت اپنے والدین کا احترام کرتی ہے اور ان کی اچھی دیکھ بھال کرتی ہے لیکن بدقسمتی سے ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنے والدین کو نظر انداز کردیتے ہیں اور اپنے ساتھ رکھنا ایک بوجھ محسوس کرتے ہیں۔بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ زیادہ تر معاملات میں بچوں کا سرد رویہ ہی والدین کو اولڈ ایج ہومز میں جانے پر مجبور کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین کیلئے یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں ہے لیکن انہیں ان گھروں میں منتقل ہونا پڑتا ہے جب وہ مزید توہین برداشت نہیں کر سکتے۔بزرگ خواتین نے بیگم گورنر پنجاب کو شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اولڈ ایج ہوم آنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب نے بزرگ خواتین کو تحائف بھی پیش کئے۔
دنیا میں واحد بے غرض رشتہ والدین کا اسکی قدر کرنی چاہیے:عائشہ بلیغ
Oct 23, 2023