لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ بر اعظم افریقہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور زمین کے کل معدنی ذخائر کا 30 فیصد وہاں موجود ہے صنعتکاروں کے وفد سے انہوں نے کہا کہ افریقہ میں معدنیات کی ایک وسیع رینج موجود ہے جو خاص طور پر توانائی کے شعبہ کیلئے ضروری ہیں۔ ان میں نکل، کوبالٹ، گریفائٹ، لیتھیم اور دیگر نایاب عناصر شامل ہیں۔ پلاٹینم کا تقریباً 80 فیصد، مینگنیز کا نصف اور کوبالٹ کا دو تہائی افریقہ سے آتا ہے۔ براعظم افریقہ میں دنیا بھر کے سونے ذخائر کا 40 فیصد اور کرومیم کا 90 فیصد حصہ موجود ہے۔ایسے وافر وسائل سے مالا مال اور تیزی سے وسعت پذیر افریقی مارکیٹ میں پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے بے مثال اور سنہری مواقع موجود ہیں۔