آئندہ چند ماہ میں کانسٹیبلری میں ہزاروں پروموشنز ہونگی:آئی جی 

Oct 23, 2023

 لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب ہائی وے پٹرول کے ترقی پانے والے 91 افسران کو سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پروموشن رینک لگائے۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راو عبدالکریم، ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید، سینئر پولیس افسران، ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے افسران کو محکمانہ ترقی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید نے پٹرولنگ پولیس کو جدیدخطوط پر استوار کردیا ہے اور اس وقت پٹرولنگ پولیس کرائم فائٹنگ، روڈ سیفٹی، ٹریفک مینجمنٹ کےساتھ شہریوں کی خدمت میں بھی آگے ہے۔ میانوالی میں ہارون شہید چیک پوسٹ پر پی ایچ پی کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ گزشتہ 8 ماہ کے دوران مجموعی طور پر ہزار سے 16 ہزار سے زائد پروموشنز کر چکے ہیں، ڈی ایس پی سے ایس پی رینک پر ترقی کا بورڈ جلد ہو گا، ٹریننگ کورسز مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند مہینوں میں کانسٹیبلری میں بھی ہزاروں پروموشنز ہونگی، پی ایچ پی اور ایس پی یو اہلکاروں کو مجوزہ ٹورازم پولیس فورس میں شامل کریں گے، لائسنسنگ اتھارٹی ملنے کے بعد پی ایچ پی صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز، ٹریننگ سکولز قائم کرےگی، پی ایچ پی کے پاس دستیاب بغیر ریڈ کے ای پی پی کا نظام ماڈرن پولیسنگ کا شاہکار ہے، آئی ٹی اصلاحات کے حوالے سے پنجاب پولیس پورے خطے میں اول نمبر کی فورس ہے۔ان اصلاحات سے کرائم کنٹرول اور سروس ڈلیوری کا عمل مزید بہتر ہوا ہے۔ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید نے کہا کہ پی ایچ پی ای چالاننگ کے ذریعے 32 کروڑ روپے قومی خزانے میں جمع کروا چکی ہے ، سمارٹ پٹرولنگ اور آئی ٹی بیسڈ ٹیکنالوجی سے شاہراہوں پر کرائم اور ٹریفک حادثات میں واضح کمی آئی ہے، ای پی پی سسٹم کے ذریعے ہر ماہ 08 سو اشتہاری گرفتار کر رہے ہیں، پٹرولنگ پولیس گزشتہ ماہ 3 سو سے زائد چوری شدہ موٹر سائیکلز اور گاڑیاں برآمد کی ہیں۔

مزیدخبریں