لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) جمعیت علماءپاکستان نے تحریک جہاد اقصیٰ کا اعلان کردیا۔ مظلوم فلسطینیوں پر ظلم وبربریت ناقابل برداشت ہے۔ فلسطینیوں کی ریلیف کیلئے پورے ملک سے رضا کار بھرتی کئے جائیں گے۔ جمعیت علماءپاکستان آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ اس مقصد کیلئے سیاسی اتحاد اور انتخابات کیلئے دیگرسیاسی جماعتوں سے رابطہ کیلئے پیر صفدرشاہ گیلانی، نصیر احمد نورانی، محمدایوب خان پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے۔ یروشلم کے دارالحکوت بننے اور آزاد ریاست فلسطین کے قیام تک مسلمانان عالم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ امریکہ سمیت اسرائیل کے سرپرستوں کی سازشوں کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔ فلسطین،غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم اور بربریت کے بعد تمام مسلمان حکومتوں پر جہاد فرض ہو چکا ہے۔57اسلامی ممالک کے سربراہان لائحہ عمل طے کرکے ان کی عملی مدد کریں۔ پاکستان کے حکمرانوں بالخصوص 40اسلامی ممالک کی مشترکہ فوج کے سربراہ راحیل شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کو اسرائیلی ظلم وبربریت سے نجات دلائیں۔ جمعیت علماءپاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ نے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ جمعیت علماءپاکستان آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اس مقصد کیلئے جمعیت علماءپاکستان نے آئندہ سیاسی اتحاد اور انتخابات کیلئے دیگرسیاسی جماعتوں سے رابطہ کیلئے پیر صفدرشاہ گیلانی،علامہ نصیر احمد نورانی، محمدایوب خان ایڈووکیٹ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے۔
فلسطینیوں پر ظلم ناقابل برداشت ،جمعیت علماءنے تحریک جہاد اقصیٰ کا اعلان کردیا
Oct 23, 2023