سمندری طوفان ”تیج“ کا رخ عمان، یمن کی طرف پاکستان کو خطرہ نہیں: محکمہ موسمیات

Oct 23, 2023

کراچی (این این آئی) بحیرہ عرب میں سمندری طوفان تیج شدید طوفان میں تبدیل ہوگیا۔ پی ڈی ایم اے بلوچستان نے سمندری طوفان سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے گرد 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور سسٹم کے گرد 25 فٹ تک لہریں بلند ہورہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کا رخ عمان اور یمن کی جانب رہے گا، پاکستان کو خطرہ نہیں۔ محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق طوفان گوادر سے 1750 کلومیٹر جنوب جبکہ کراچی سے 1810 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان تیج عمان کے شہر سلالہ کے جنوب مشرق سے 960 کلومیٹر دور ہے۔ دوسری جانب سمندری طوفان کے خطرے کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے سمندری طوفان کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا، جس میں گوادر، لسبیلہ اور حب کے ڈپٹی کمشنروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں