اسلام آباد(نا مہ نگار)کفر ملت واحد بن چکا ہے ہم امت کی شکل کب اختیار کریں گے۔ یہ بات وزیر مذہبی امور انیق احمد نے اسلام آباد میں جماعت اہل حرم کے زیر اہتمام "اتحاد امت اور مسئلہ فلسطین" کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ قرآن کے مطابق اہل ایمان ہی غالب ہونگے بشرطیکہ وہ مومن ہوں۔ جو بات قرآن کریم نے لکھ دی وہ حرف آخر ہے۔ قرآن کہتا ہے کہ جو لوگ اللہ کی زمین پر اسکا نظام قائم نہیں کرتے وہ ظالم، فاسق اور کافر ہیں۔ انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی کیلئے مسلم دنیا سے کوئی رہنما فلسطین نہیں پہنچا جبکہ دوسری جانب امریکی و برطانوی سربراہوں نے اسرائیل پہنچ کر انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ مسلمانوں کی مومنانہ غیرت کہاں گم ہو گئی ہے۔ آج بڑی طاقتیں اسرائیل پہنچ کر اظہار یکجہتی کر رہی ہیں۔ اس سے قبل مفتی گلزار احمد نعیمی مولانا ڈاکٹر شیر محمد سیالوی، مولانا کاشف گلزار نعیمی، محترمہ عائشہ سید، محترمہ زبیدہ خاتون، پیر سید سعادت علی شاہ، علامہ شبیر میثمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنا چاہیے اور سنت نبوی کے تحت مظلوموں کی مدد کرنی چاہیے۔ فروعی اختلافات ختم کر کے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔