چند خاندانوں کی اجارہ داری نے سیاست‘ جمہوریت یرغمال بنا لی: سراج الحق

Oct 23, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تربت میں پانچ مزدوروں کو بے دردی سے شہید کیا گیا۔ اس افسوسناک واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ حیرانگی ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کہاں ہے؟۔ 21 اکتوبر اگر ایک خاندان کے لیے مختص کیا جا سکتا ہے تو میں سمجھتا ہوں 22 نومبر ان شہداءکے نام کیا جائے۔ جماعت اسلامی بلوچستان اور پورے ملک میں امن چاہتی ہے ہم اس ظلم کے خلاف بھرپور آواز آٹھائیں گے۔ حکومت بلوچستان فوری طور ان خاندانوں کو انصاف فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجاع آباد سے تعلق رکھنے والے شہید مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت کے بعد گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ جنوبی پنجاب راو¿ ظفر، امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی بھی موجود تھے۔ سیاست میں چند خاندانوں کی اجارہ داری ملک کو برباد کرنے کی سب سے بڑی بیماری ہے۔ چند خاندانوں کی سیاست اور ذاتی مفاد نے ملک کو کمزور کر دیا۔ تینوں بڑی جماعتوں نے ملک کو خود کفالت کی بجائے قرضے کی پالیسی اپناتے ہوئے کشکول مشن پر لگا دیا۔ جہاں پارٹیوں میں جمہوریت نہیں ہوتی وہاں میرٹ نہیں موروثی سیاست جنم لیتی ہے جو ملک و قوم کے لیے کبھی کامیابی کا باعث نہیں بن سکتی۔ ملک کی ناکامیوں میں 24 کروڑ عوام کا نہیں انہی سیاستدانوں کا ہاتھ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ حالہ کے دورے کے موقع پر جامعہ منصورہ ہالا سندھ میں رابطہ الاخوان کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین مخنتی، نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، حزب اللہ جھکڑو، ناظم اعلیٰ جمعیت عربیہ اور دیگر موجود تھے۔ وقت آگیا ہے کہ غزہ میں سنگین انسانی بحران سے نمٹنے اور اہل غزہ کی مدد کے لیے ہم آگے بڑھیں اور متحد ہو کر فلسطینیوں کا دست و بازو بنیں۔

مزیدخبریں