قصور(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر قصور کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان کاگورنمنٹ سکینڈری سپیشل ایجو کیشن سکول برائے متاثرہ سماعت کا اچانک دورہ‘اساتذہ کی حاضری‘صفائی ستھرائی اور تدریس کے عمل کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تعلیمی استعداد کار چیک کرنے کیلئے مختلف کلاس رومز میں جا کر سپیشل بچوں سے سوالات بھی کئے اور صحیح جوابات دینے پر بچوں کو شاباش دی۔ انہوں نے سکول کی بلڈنگ، لان سمیت دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا اور سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سپیشل بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔