لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے فائنل الیون کا اعلان کرتے ہوئے تین سپنرز کیساتھ میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔ فاسٹ باؤلر بریڈن کارس اور میتھیو پوٹس کی جگہ گس ایٹکنسن اور سپنر ریحان احمد کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ تین سپنرز شعیب بشیر اور جیک لیچ اور ریحان احمد میدان میں اترینگے۔ راولپنڈی کی وکٹ سپنرز کیلئے سازگار ہو گی۔۔میچ کیلئے انگلینڈ کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔بین سٹوکس کپتان‘ زاک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی سمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔ پاکستان کی جانب سے تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ایک تبدیلی کرنیکا امکان ہے۔ لیگ سپنر زاہد محمود کی جگہ فاسٹ بائولر محمد علی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔فاسٹ بائولر میر حمزہ انجری کا شکار ہوکر تیسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں ۔میر حمزہ کی کمر کے نچلے حصے میں سوزش کی نشاندہی ہوئی ہے اور وہ اس تکلیف کے سبب ٹریننگ سیشن میں بھی شامل نہیں ہوئے۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے راولپنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔انگلینڈ کی جانب سے بیٹنگ پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کوچ جیسن گلیسپی اور قومی ٹیم کے سلیکٹر عاقب جاوید کے ہمراہ پچ کا معائنہ بھی کیا۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان اور آفیشلز نے پچ کا معائنہ کیا۔ مہمان ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم اور کپتان بین سٹوکس پچ کو ہاتھ لگا کر دیکھتے رہے۔برینڈن میکلم نے پچ پر کھیلنے کے سٹائل سے متعلق سٹوکس کو رائے دی جبکہ انگلینڈ کے آفیشل نے پچ کی تصاویر بھی لیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ کل24 اکتوبر سے شروع ہو گا۔