لکی سیمنٹ نے28.8میگاواٹ کیپٹو ونڈ پاور پراجیکٹ کامیابی کیساتھ مکمل کرلیا

Oct 23, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر) لکی سیمنٹ نے کمپنی کے کراچی پلانٹ میں 28.8میگاواٹ کا کیپٹو ونڈ پاور پراجیکٹ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے۔ مقررہ ٹائم لائنز اور بجٹ کے اند ر مکمل ہونے والے پراجیکٹ نے 22اکتوبر 2024سے باضابطہ آپریشنز کا آغاز کردیاہے۔ لکی سیمنٹ یہ سنگِ میل حاصل کرنے والی ملک کی پہلی کمپنی ہے جس نے ہوا اور شمسی توانائی کو یکجاکرتے ہوئے ایک ہائبرڈ قابلِ تجدید توانائی منصوبے کا نفاذ کیا ہے۔ اس ونڈ پاور پلانٹ کے اضافے کے ساتھ، اپنے استعمال کیلئے لکی سیمنٹ کی قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 55فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ لکی سیمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نعمان حسن نے اپنے بیان میں کہا کہ  ونڈ پاور پلانٹ کی تنصیب توانائی کے تحفظ اور گرین انرجی کے وسائل کے فروغ کیلئے کمپنی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ماحولیاتی فوائد کے علاوہ اس سرمایہ کاری سے لاگت میں خاطر خواہ بچت کیساتھ ساتھ پاکستان کے کاربن فٹ پرنٹ کوبھی کم کرنے کی امید ہے۔

مزیدخبریں