لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے ترقیاتی و پیشہ ورانہ امور بارے اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں ہوا۔ آئی جی پنجاب نے ایلیٹ فورس کے پیشہ وارانہ امور، ٹریننگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت دیگر امور بارے ہدایات جاری کیںاور کہا کہ دہشت گردی، شدت پسندی کے خطرات کے پیش نظر ایلیٹ فورس کی ٹریننگ، رسپانس ٹائم میں مزید بہتری لائی جائے۔ ایلیٹ پولیس فورس کی استعداد کار، صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں، پولیس ٹریننگ سنٹر میں جاری ترقیاتی کاموں کو اعلی معیار کے مطابق مکمل کریں۔ اہلکاروں کی بیرکس، ہاسٹلز سمیت تمام زیر تکمیل پراجیکٹس موثر سپرویژن سے مکمل کئے جائیں، زیر تربیت اہلکاروں کو بہترین ٹریننگ، خوراک سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ تربیت یافتہ کمانڈوز ہائی پروفائل آپریشنز کو کامیابی کیساتھ مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔