لاہور (نیوز رپورٹر) وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن امجد ملک نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں‘ انکے تمام تر مسائل و شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب او پی سی افسران سے بذریعہ زوم میٹنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں کمشنر مرزا نصیر عنایت، ڈائریکٹر ایڈمن وقار احمد، ڈائریکٹر پولیس میٹرز امتیاز احمد، ڈائریکٹر ریونیو محمد شعیب نسوانہ سمیت ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی، کمشنر مرزا نصیر عنایت نے وائس چیئرپرسن امجد ملک کو پنجاب او پی سی کی مجموعی کارکردگی، شکایات کے حل کے حوالہ سے وضع کردہ میکانزم،نمایاں اعدادوشمار اور دیگر امور بارے بریفننگ دی۔ وائس چیئرپرسن نے افسروں کو ہدایت جاری کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے زیر التوا شکایات کو جلد حل کیا جائے۔