لاہور(نامہ نگار)پاکستان ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج میں چیمپئن بن کر ابھری جبکہ فلپائن کی ریسکیو ٹیم نے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق،سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر اور امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنزکے ہمراہ انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج 2024 کی چیمپئن اور رنراپ ٹیموں کو مبارکباد دی۔انہوں نے مختلف انفرادی چیلنجز میں بہترین کارکردگی دکھانے پر دیگر ٹیموں کی بھی تعریف کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے چیمپئن ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو انسانیت سے لگن کی علامت قرار دیا۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ پاکستان ریسکیو ٹیم جنوبی ایشیا کی پہلی اقوام متحدہ انسراگ سرٹیفائیڈ ریسکیو ٹیم بن گئی ہے۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ انٹر نیشنل ریسکیو چیلنج قومی اور بین الاقوامی اایمرجنسی سروسز کے درمیان ہنگامی تیاری اور رسپانس کوآرڈینیشن کو مضبوط کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم ہے۔ امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کیساتھ شراکت میں، یو ایس ایڈ پروگرام کے تحت 1ہزار سے زائد فرسٹ ریسپانڈرز کو تربیت دی گئی۔ شہریوں کی زندگیاں اور املاک بچانے کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیت کو بڑھانے کیساتھ ساتھ عوام اور حکومت کے درمیان روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔بین الاقوامی ریسکیو چیلنج میں چین، برطانیہ، جنوبی کوریا، ملائیشیا، فلپائن، نیپال، تھائی لینڈ اور پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔ اقوام متحدہ کی انسراگ ایشیا پیسیفک زلزلہ رسپانس ایکسرسائزآج سے 26 اکتوبر تک ہو گی۔