نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں واقع سینٹرل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ آرڈیننس فیکٹری میں خوفناک دھماکے سے پورا علاقہ گونج اٹھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جبل پور کے سینٹرل سکیورٹی انسٹی ٹیوٹ آرڈیننس فیکٹری خماریہ بھارتی فوج کے محکمہ دفاعی پیداوار کی ملکیت ہے جو گولہ بارود کی پیداوار کے بڑے یونٹوں میں سے ایک ہے۔ اس یونٹ میں بم اور دھماکا خیز مواد تیار کیا جاتا ہے۔ دھماکا فیکٹری کے ری فلنگ سیکشن میں ہوا جس میں 15 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 2 نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر 13 زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر کسی کو جائے حادثہ پر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ تاحال ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی جبکہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ ہتھیاروں کی ہینڈلنگ اور حفاظتی معیار کو یقینی بنانے میں بھارتی نااہلی ماضی کے مختلف واقعات سے ثابت ہو چکی ہے۔