لاہور؍ چونیاں؍ قصور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ہربنس پورہ کے علاقے میں معراج کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5 لاکھ 90ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں یعقوب سے اسلحہ کے زور پر 3لاکھ 45ہزار روپے، نولکھا کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے منیر سے اسلحہ کے زور پر ڈھائی لاکھ روپے اور موبائل فون، مصطفی ٹاؤن کے علاقے میں نظیر سے 93 ہزار روپے اور موبائل فون، مصری شاہ میں نواز سے موٹر سائیکل، 43ہزار روپے اور موبائل فون، سمن آباد میں عمران سے29ہزار نقدی اور موبائل فون، بادامی باغ کے علاقے میں عدیل سے8 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے سندر کے علاقے میں جبار کی دکان سے 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور سامان چوری کر لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے ماڈل ٹاؤن، سول لائن اور جوہر ٹاؤن کے علاقوں میں سے تین کاریں جبکہ مانگا منڈی، گڑھی شاہو، شفیق آباد، غالب مارکیٹ، سبزہ زار، گارڈن ٹاؤن اور فیکٹری ایریا کے علاقوں میں سے 7 موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ دریں اثناء کنگن پور کے علاقہ ڈھینگیاں والی بستی کے قریب ناکہ لگائے ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک راہگیر عرفان کو قتل جبکہ مرزا احمد کو شدید زخمی کر دیا۔
لاکھوں کی وارداتیں، کنگن پور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک راہگیر قتل، دوسرا زخمی
Oct 23, 2024