سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر ذاکر نائیک کی اہلیہ فرحت ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ دنیا کی دولت اور بچے آزمائش ہیں، انہیں اللہ کی رضا کے مطابق استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے النور انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ہونے والے ایک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایک ماں تعلیم یافتہ ہو گی تو ایک نسل تعلیم یافتہ ہو گی۔ اپنے رویے کا جائزہ لیں، معافی مانگنا سیکھیں اور والدین کے حقوق کی ادائیگی کی کوشش کریں۔ انہوں نے خواتین کو زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹریکشنز سے بچنا چاہتی ہیں تو دعا کریں، اللہ سے ڈرنے والے دوست بنائیں، قرآن سیکھنے کا کوئی سلسلہ شروع کریں، کچھ نہ کچھ اللہ کی راہ میں دیا کریں۔ آگے بڑھیں، اعتماد کے ساتھ فیصلے کریں اور اللہ سے مدد طلب کریں، کامیابی آپکا مقدر ہو گی۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ نمازیں پڑھنے اور روزے رکھنے کے باوجود ہمارا تعلق اللہ تعالیٰ سے نہیں جڑ رہا؟۔ دعا مسلمانوں کے پاس ایسا ہتھیار ہے کہ جس کو صحیح طرح استعمال کر کے ہم دنیا و آخرت کی ہر خیر پا سکتے ہیں۔