توشہ خانہ ٹو کیس: ایف آئی اے نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کی مخالفت کر دی 

Oct 23, 2024

 اسلام آباد (وقائع نگار) توشہ خانہ ٹو کیس میں ایف آئی اے نے بانی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی درخواست ضمانت کی مخالفت کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔ بشریٰ  کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئے 12 دن گزر چکے ہیں جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میں 9 اکتوبر کو عدالت آیا تو شدید بخار تھا اور مجھے ریکور کرنے میں لمبا وقت لگا۔ بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ کیس ہے کہ قیمت کا تعین کرنے والے پرائیویٹ شخص سے قیمت کم لگوائی گئی، قیمت کا تعین کرنے والا صہیب عباسی اب وعدہ معاف گواہ بن چکا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، کوئی عدالتی نظیر موجود نہیں، عمران خان کا بازو مروڑنے کیلئے بشریٰ بی بی کو قید رکھا گیا ہے۔ جسٹس حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا یہ ایگزیکٹو کا فیصلہ تھا کہ 50 فیصد رقم دے کر تحفہ لے جائیں، جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ پروسیجر پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کس پروسیجر پر عملدرآمد نہیں ہوا، بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے حوالے سے آپ کو کیا ہدایات دی گئی ہیں؟۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم درخواست ضمانت کی مخالفت کریں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے پراسیکیوٹر کل اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں