بغداد (نوائے وقت رپورٹ) عراقی فورسز نے عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے سربراہ سمیت 9 کمانڈروں کو ہلاک کر دیا۔ عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ عراق کے انسداد دہشتگردی ادارے نے انٹیلی جنس رپورٹ کی روشنی میں شمال مشرقی پہاڑی علاقہ حمرین میں داعش کے خلاف کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں عراق میں داعش کے والی جسم المزروعی عرف ابو عبدالقادر اور اس کے آٹھ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔ عراقی وزیراعظم نے بتایا کہ کارروائی کے دوران داعش کے دو خفیہ ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔