26 ویں آئینی ترمیم قومی اتحاد کا بے مثال مظہر: گورنر پنجاب 

Oct 23, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اسمبلی سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور ہونا پاکستانی عوام کے لئے خوشی کا موقع ہے۔ آئینی ترمیم سے لوگوں کو جلد انصاف مہیا ہوگا۔ پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی میں شامل نہیں ہوئی اس سے اچھا تاثر نہیں جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ26 ویں آئینی ترمیم بڑی محنت  اور جدوجہدکے بعد پارلیمنٹ سے منظور ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ اس کامیابی پر میں تمام سٹیک ہولڈرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خاص طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے مسلسل چار راتیں جاگ کر گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم قومی اتحاد و اتفاق کا بے مثال مظہر ہے۔ اگر اسی طرح سے مستقبل  میں بھی  فیصلے کیے گئے تو ملک بحرانوں سے نکل آئے گا۔ اس موقع پر  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عزیز الرحمن چن، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، اشرف کائرہ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں صدر ملک شیر خان اعوان، جنرل سیکرٹری ندیم اختر ارائیں اور سرپرست اعلی ملک شفاء اللہ اعوان شامل تھے۔

مزیدخبریں