آل پاکستان سالانہ ختم نبوت کانفرنس کل سے چناب نگر میں شروع، انتظامات مکمل 

چناب نگر (نمائندہ نوائے وقت) آل پاکستان سالانہ دو روزہ ختم نبوت کانفرنس مرکز ختم نبوت مسلم کالونی جناب نگر میں نہایت تزک واحتشام سے کل 24 اکتوبر بروز جمعرات صبح دس بجے شروع ہو رہی ہے۔ کانفرنس جمعہ کے دن عصر تک جاری رہے گی۔ کانفرنس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ رضاکاران ختم نبوت اپنے اپنے مفوضہ امور پر مورچہ زن ہو چکے ہیں۔ آزاد کشمیر سمیت ملک بھر سے اسلامیان پاکستان کے قافلے مسلم کالونی چناب نگر میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم اعلی مولانا عزیز الرحمن جالندھری اپنے رفقاء کے ساتھ مرکز ختم نبوت میں تشریف لا چکے ہیں۔ ملک بھر سے مشائخ، علماء  کرام، روحانی شخصیات اور مبلغین ختم نبوت کی کانفرنس کے پنڈال میں آمد کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا، مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا قاضی احسان احمد اور کانفرنس کے عمومی نگران مولانا توصیف احمد نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شرکاء  کانفرنس کے لیے استقبالیہ کیمپس، میڈیا روم، پنڈال پر سبز رنگ سائبان، ٹریفک پلان، سکیورٹی پلان،  مہمانان خصوصی کے لیے کمرہ جات کی تقسیم، سٹیج  کے قریب میڈیا گیلری، ٹوکن طعام کیمپ، شرکاء کیلئے وسیع وعریض خوردونوش کا پنڈال،پولیس انتظامیہ کے لیے کنٹرول روم  جیسے بیسیوں شعبوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ کانفرنس کی مختلف نشستوں کی صدارت امیر مرکزیہ مولانا پیر حافظ ناصر الدین خاکوانی، نائب امیر مرکزیہ مولانا صاحبزادہ خواجہ عزیز احمد، مولانا خواجہ خلیل احمد، مفتی محمد حسن لاہور، مولانا عزیز الرحمن جالندھری سمیت متعدد مشائخ عظام کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن