بزرگانِ دین کے آستانے رشد و ہدایت کے سر چشمے ہیں،پیرنقیب الرحمن

راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے) آستانہ عالیہ گھمکول شریف کوہاٹ کے سالانہ عْرس مبارک کی اختتامی نشست میں گورنر خیبر پی کے  فیصل کریم کنڈی مہمانِ خصوصی تھے۔ اختتامی نشست میں عید گاہ شریف کے سجادہ نشین‘ ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے بھی شرکت کی اور کہا  بزرگانِ دین کے آستانے رشد و ہدایت کے سر چشمے ہیں جن سے لا تعداد مخلوق فیض یاب ہوئی اور انشا ء اللہ تا ابد ہوتی رہے گی۔ آستانہ عالیہ گھمکول شریف کی تبلیغ و اشاعتِ دین، ترویجِ شریعتِ مطہرہ اور فروغِ غلامی و عشقِ رسول مقبول ؐکے لئے بے شمار خدمات ہیں اور اس سلسلے کو مزید آگے بڑھانے کے لئے مشائخ ِگھمکول شریف دن رات نہایت محبت، خلوص اور انتھک محنت کے ساتھ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ محفل میں صوبائی وزیر اوقاف پیر عدنان قادری، چیئرمین پاکستان بیت المال زمرد خان ودیگر نے شرکت کی، اختتام پر درود وسلام کے بعد پیر سید حبیب اللہ شاہ نے اجتماعی دعا کرائی۔

ای پیپر دی نیشن