گنڈا پور کا لیڈر مریم کے بغض میں جیل پہنچ گیا، عنقریب یہ بھی جائے گا: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا لیڈر مریم نواز کے بغض میں جلتے جلتے جیل پہنچ گیا، عنقریب یہ بھی اس کے پاس جائے گا۔ گنڈا پور کو اپنی کارکردگی بتاتے نہ سہی، مریم نواز کا نام لیتے ہی شرم آنی چاہیے۔ مجھے ان کی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے جو وہ گنڈاپور جیسے شخص کو برداشت کرتی ہیں۔ یہ شخص خود تین عدالتوں سے اشتہاری اور مفرور قرار پایا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، زبان درازی ہمیں نہیں آتی۔ ہر ہفتے وفاق پر چڑھائی کرنے کا آپ کو کنٹریکٹ ملا ہوا ہے۔ تم اپنے پارٹی کارکنوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح شیلنگ اور ڈنڈوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر بھاگنے والے بزدل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت خیبر پختون خواہ سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہے۔ وزیراعلی کے پی کے آٹھ ماہ سے چھٹیوں پر ہیں،  اس نے صوبے کی سکیورٹی کے لیے ایک بھی ایپکس کمیٹی کا اجلاس نہیں بلایا۔ کے پی کے حکومت کی ترجیح عام آدمی نہیں بلکہ جلاؤ گھیراؤ، مار دھاڑ، فتنہ فساد اور انتشار پیدا کرنا ہے۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس میں  عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور منافقت ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ پنجاب کے بعد کے پی کے نے بھی فساد پارٹی کو مسترد کر دیا ہے۔ کے پی کے بلدیاتی الیکشنز فتنہ جماعت کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہیں۔ پنجاب میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں دوسرے صوبوں کی نسبت سب سے کم ہیں۔ پنجاب میں صرف مہنگائی ہی نہیں بلکہ جرائم میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔  پاکستان کی سب سے خوش قسمت صوبائی وزیر اطلاعات ہوں جس کے پاس اپنی وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کے حوالے سے بتانے کیلئے بہت کچھ ہوتا ہے۔ "اپنی چھت اپنا گھر" پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جو دو سے ڈھائی ماہ میں مکمل ہوا اور اس پر عمل بھی ہورہا ہے۔ مریم نوازشریف وعدے ہی نہیں کرتیں بلکہ اس پر عمل بھی کر کے دکھاتی ہیں۔  پنجاب میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے لئے علیٰحدہ محکمہ بنایا گیا ہے جوچوبیس گھنٹے قیمتوں پر نظر رکھے گا اور حکومت کو طلب و رسد پر بر وقت مطلع کرے گا۔ پنجاب کی وزیر اعلٰی نے دوسرے صوبوں کو بتایا کہ روٹی کی قیمت میں کمی کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ منڈیوں میں لگنے والی بولیوں کو وزیر اعلیٰ خود مانیٹر کرتی ہیں۔ جس کا نتیجہ یہ ہے کہ پنجاب میں آلو، ٹماٹر، پیاز، دودھ اور دالیں سب سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔  لاہور کے اندر کرائم میں 43فیصد کمی ہوئی ہے۔  پنجاب میں کہیں پر بھی جرم ہوتا ہے تو اس کا مقدمہ درج ہوتا ہے۔ تحریک فساد نے چھبیس اضلاع میں ایکس کے ذریعے احتجاج کی کال دی جس پر گیارہ اضلاع میں صرف چالیس سے پچاس لوگ جمع ہوئے۔ فتنہ پارٹی جب بھی احتجاج کی کال دیتی ہے اسے منہ کی کھانا پڑتی ہے۔ 26 ویں ترمیم پر پی ٹی آئی نے منافقت کی تمام حدیں پار کی ہیں۔ یہ لوگ پارلیمانی کمیٹی میں موجود رہے۔ اگر انہوں نے پارلیمانی کمیٹی میں شرکت نہیں کرنی تھی تو نام کیوں دیئے؟۔ فساد پارٹی نے کسی پریشر میں آکر نام واپس لئے۔  مریم نوازنے پنجاب  کے  عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے 54 ارب روپے خرچ کئے۔ پام آئل کی قیمت میں دنیا بھر میں اضافہ ہوا ہے، گھی اور پام آئل کی قیمتوں کی کمی کیلئے وزیر اعلی نے محکموں کو آرڈر دے دیئے ہیں جس کے نتائج جلد آنا شروع ہو جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن