اسلا م آباد(نیٹ نیوز) پاکستان اور بھارت نے کرتار پور کوریڈور چلانے کے معاہدے کی توسیع کردی۔ذرائع کے مطابق معاہدے میں توسیع پانچ سال کے لئے کی گئی، کوریڈور چلانے کا معاہدہ 24 اکتوبر 2019 کو پانچ سال کے لئے کیا گیا تھا، توسیع کے معاہدے کے حوالے سے بات چیت پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی چینلز کے ذریعے کی گئی۔ کرتار پور ترجمان کا کہنا ہے معاہدہ ہندوستان سے آنے والے زائرین کو ویزا فری رسائی کی پیشکش کرتا ہے، معاہدے سے زائرین گرودوارہ دربار صاحب کرتار پور کے مقدس مقام کا دورہ کر سکیں گے۔ ترجمان نے بتایا کرتار پور راہداری سکھ برادری کی ان کے سب سے زیادہ قابل احترام مذہبی مقامات میں سے ایک تک رسائی کی دیرینہ خواہشات کو پورا کرتی ہے، اقدام پاکستان کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت کے اعتراف کی عکاسی کرتا ہے۔کرتار پور ترجمان نے مزید کہا اقدام کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت بین الاقوامی برادری کی طرف سے بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔