قومی اسمبلی: اسرائیلی حملوں کیخلاف متفقہ قرارداد: پی ٹی آئی نے ہر شق پر سودے بازی کی، عطا تارڑ

Oct 23, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف انتشار کا شکار ہے۔ پی ٹی آئی اپنی اندرونی دھڑا بندی کو پارلیمنٹ کے کھاتے میں نہ ڈالے۔ پی ٹی آئی کا ایک گروہ پارلیمنٹ کے اندر اور دوسرا باہر ہے۔ پی ٹی آئی والوں نے آئینی ترمیم کے مسودے پر مذاکرات کئے، اگر انہیں اعتراض تھا تو مذاکرات میں شامل کیوں ہوئے؟۔ آپ انکار کر دیتے۔ انہوں نے اپنے ارکان کو اندھیرے میں رکھا، پی ٹی آئی ارکان کو اغوا کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔ چار ارکان نے آئینی ترمیم پر آزاد حیثیت سے ووٹ دیئے۔ منگل کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں تمام قانونی عوامل کو پورا کیا گیا، اس پر سیاسی اتفاق قائم کیا گیا، کسی قسم کی عجلت نہیں دکھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت میں دو سے اڑھائی ماہ کا عرصہ لگا، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ تھا کہ اس آئینی ترمیم کو ایس سی او کے بعد زیر غور لایا جائے۔  ترمیم کا فائدہ عوام کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پریس کانفرنس میں خود کہا کہ 90 فیصد تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ایک ایک شق پر سودا بازی کی۔ اس میں تمام جماعتوں کی آراء شامل تھیں اور پی ٹی آئی کے کہنے پر دو شقیں خصوصی طور پر نکالی گئیں۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو یہاں چیمبر کے اندر رکھا گیا، یہ روایات بہت غلط ہیں۔ خدا کیلئے یہ روایت نہ ڈالیں، اس سے پہلے آپ کے دور میں ایوان سے نقاب پوشوں نے ارکان پارلیمنٹ کو گرفتار کیا یہ جمہوریت کے ماتھے پر دھبہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا میں ویڈیو چیک کروں گا پھر آپ کو جواب دوں گا۔ عمر ایوب نے کہا کہ میں نے سپیکر کے سٹاف کی تصاویر دیں، اس  کی انکوائری کریں یقینی بنائیں کہ سی سی ٹی وی فوٹیج ڈیلیٹ نہ ہوں۔ اپوزیشن لیڈر نے مختلف تصاویر دکھائیں کہ یہ لوگ تھے جو آئینی ترمیم کی منظوری والے دن قومی اسمبلی کی سکیورٹی کی وردیاں پہن کر ادھر موجود تھے۔ قومی اسمبلی نے غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کی شہادتوں، لبنان میں حالیہ تباہ کن حملوں کی مذمت کی قرارداد متفقہ منظور کر لی۔ قراردادوں کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں وحشیانہ انداز میں معصوم بچوں اور خواتین کا قتل عام کر رہا ہے۔ مذمتی قرارداد ایم این اے کامران سحر نے پیش کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما و رکن اسمبلی حنیف  عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں وزیراعظم کو شنگھائی تعاون تنظیم کے کامیاب انعقاد پر اور 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر تمام پارٹیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔  حکومت ملک میں ڈسکوز کی طرف سے زائد بلنگ پر قابو پانے کے اقدامات کرے۔ اجعلی خبروں  کے خلاف  قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لیں گیئں۔ منگل کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی نے  ڈسکوز کی طرف سے زائد بلنگ پر قابو پانے کے اقدامات کرنے کی قرارداد پیش کی اور کہا  ڈسکوز اووربلنگ کر رہے ہیں، رپورٹ میں ثابت ہوا، مختلف ڈسکوز اوور بلنگ کررہے ہیں،کسانوں کو لاکھوں کے بل آرہے ہیں، لوگ بجلی کے بل کہاں سے دیں، یہ قرارداد متفقہ منظور ہوئی۔ پیپلز پارٹی کے رکن سید قاسم گیلانی نے سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر جعلی خبروں کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔ قرار داد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر جعلی خبروں کے سدباب کیلئے سکولوں، کالجز اور لٹریسی ٹریننگ کے اقدامات کئے جائیں۔ اسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

مزیدخبریں