واہ کینٹ(امجد شیخ ،نمائندہ نوائے وقت )مسلم لیگ ن نے واہ کینٹ بورڈ کے ضمنی الیکشن میں وارڈ نمبر 8 سے پرویز اقبال جب کہ وارڈ 4 سے ملک سلیم خان کوباقاعدہ امیدوار نامزد کر دیا جبکہ تحریک انصاف نے وارڈ 8 سے ابھی تک اپنے امیدوار کی نامزدگی نہیں کی تاہم وارڈ 4 سے امجد محمود کشمیری کو بطور امیدوار کنفرم کر دیا ۔ مسلم لیگ ن کے مستند ذرائع نے کنفرم کیا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے انتہائی غو ر، تدبر اور مقامی قیادت کی سفارشات پر حلقہ کی اعلی قیادت نے وارڈ 8 سے پرویز اقبال کو انتخابی میدان میں اتارا ہے تاہم تحریک انصاف نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کرسکی کہ یہاں سے کس کو امیدوار نامزد کیا جائے ۔ اس وارڈ کے زمینی حقائق یہ ہیں کہ یہاں سے پہلے تحریک انصاف کے ملک فہد مسعود اکبر منتخب ہوئے تھے اور ان کے ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب منتخب ہونے کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔شنید یہ تھی کہ اس وارڈ میں تحریک انصاف کا ووٹ بنک موجود ہے اور اگر مسلم لیگ ن نے وارڈ 8 سے کسی مضبوط امیدوار کو میدان میں نہ اتارا تو تحریک انصاف یہ سیٹ دوبارہ جیت سکتی ہے تاہم مسلم لیگ ن نے بھی ان حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ایک ایسے سیاسی ورکر کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا جو نہ صرف کاروباری بل کہ متحرک شخصیت بھی ہیں۔ لہذا یہ کہا جا رہا ہے کہ اس وارڈ میں مقابلہ کانٹے دار ہوگا کیونکہ تحریک انصاف یہ سیٹ اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دے گی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیابی کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانا ہوگا اسی طرح وارڈ 4 میں بھی وارڈ 8 سے مماثل صورت حال ہے اس وارڈ سے پہلے مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک عارف محمود منتخب ہوئے تھے جن کے مستعفی ہونے کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی اس وارڈ میں مسلم لیگ ن کا ووٹ بنک موجود ہے مسلم لیگ ن نے یہاں سے ملک سلیم خان کو نامزد کیا ہے جو ایک مضبوط امیدوار ہیں اور انہیں مختلف برادریوں اور دھڑوں کی حمایت حاصل ہے تاہم ان کے مقابلے میں تحریک انصاف نے بھی مضبوط امیدوار امجد محمود کشمیری کو نامزد کیا ہے جو کینٹ بورڈ کے وائس پریزیڈنٹ بھی رہ چکے ہیں اور انکی پس منظر میں تحریک انصاف کی مضبوط سیاسی قیادت موجود ہے لہذا وارڈ نمبر 4 میں بھی کانٹے کا مقابلہ ہوگا یاد رہے کہ دونوں وارڈز میں 14 نومبر کو ضمنی الیکشن ہوگا۔
واہ،کینٹ بورڈ ضمنی الیکشن،مسلم لیگ ن نے امیدوار نامزد کردئیے
Oct 23, 2024