ٹیلی کام آپریٹرز کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ٹیکنیکل ٹریننگ اہم ، شزہ فاطمہ 

Oct 23, 2024

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ سے ایشیا پیسیفک نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر(اے پی این آئی سی)، سنگاپور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)جیا رونگ لو نے منگل کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ٹیلی کام آپریٹرز کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان بھی موجود تھے۔سی ای او ایشیا پیسیفک نیٹ ورک انفارمیشن سینٹر نے وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ کو اے پی این آئی سی کی ورکنگ کے حوالے سے بریف کیا۔انہوں نے کہا کہ اے پی این آئی سی پاکستان میں ٹیلی کام آپریٹرز کے لیئے نیٹ ورکنگ کے حوالے سے ٹریننگ پروگرام شروع کرنا چاہتا ہے۔وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ ٹیلی کام آپریٹرز کی استعداد کار بڑھانے کے لیئے ٹیکنیکل ٹریننگ بہت اہم ہے۔ملاقات میں ٹیلی کام آپریٹرز کی ٹریننگ کے لیئے ایک جامع پلان مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں ممبر ٹیلی کام،  وزارت آئی ٹی محمد جہانزیب رحیم بھی موجود تھے۔دریں اثنا وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے جرمنی میں پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں تعلقات اور پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی جرمنی میں سہولت کاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ملاقات میں ممبر انٹرنیشنل کوآرڈینیشن عماد میمن اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں