پی ٹی آئی نے زین قریشی سمیت 4 اراکین قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے

Oct 23, 2024 | 14:56

 پاکستان تحریک انصاف نے زین قریشی سمیت 4 اراکین قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے جن چار اراکین قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کیے ان میں زین قریشی، اسلم گھمن، مقداد حسین، ریاض فتیانہ شامل ہیں، چاروں ارکان اسمبلی سے 7 روز میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی کی طرف سے شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے، تحریک انصاف کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے اپنے سینیٹرز اور ایم این ایز کو کسی بھی بل کی حمایت اور ووٹ نہ کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں، ارکان اسمبلی اور سینیٹر کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ محفوظ اور نامزد مقام پر رہیں۔پی ٹی آئی کا نوٹس میں کہنا ہے کہ معتبر ثبوت اور قابل اعتماد ذرائع سے بیانات ہیں کہ آپ کا مکمل ارادہ تھا کہ آپ ضرورت پڑنے پر پارٹی سے منحرف ہو جائیں گے، آپ کو یہ شوکاز نوٹس دیا جاتا ہے کہ آپ اس نوٹس کے موصول ہونے کے سات دنوں کے اندر جواب دیں، نوٹس کا جواب دینے میں ناکام رہے تو یہ سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنی صفائی میں کہنے کے لیے کچھ نہیں، نوٹس کا جواب نہ آنے کی صورت میں آپ کے خلاف مزید نوٹس کے بغیر پارٹی سے نکالنے کی کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے پارٹی سے غداری کی ہے ان کا مستقبل وہی ہوگا جو ایک غدار کا ہونا چاہیئے، ایسے لوگوں کو اسمبلی سے بھی ہٹائیں گے اور پارٹی سے بھی فارغ کریں گے، جو کچھ ہوا وہ پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہوا بلکہ آپ کے ساتھ ہوا آپ کے بچوں کے ساتھ ہوا، پوری قوم کے ساتھ واردات ہوئی ، ہم محکوم ہو گئے ہیں اب ہمارے پاس دفاع کے لیے کچھ نہیں، ہمارا حق ہم سے چھینا گیا، انگریز کے دور میں ایسا وقت نہیں دیکھا، اس ترمیم کے خلاف ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

مزیدخبریں