پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔جس میں عوامی احتجاج سمیت ملک گیر تحریک کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کے لیے ذیلی کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد پارٹی کی جانب سے اس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کور کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقاتوں پر غیر قانونی پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کور کمیٹی اجلاس می عمران خان کی جیل سے رہائی کی جامع حمکت عملی پر غور کیا گیا اور عوامی احتجاج سمیت ملک گیر تحریک چلانے کے لیے منصوبہ بندی اور تیاریوں کے لیے ذیلی کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خانم، عظمیٰ خانم، اعظم خان سواتی، انتظار حسین پنجوتھا کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔کور کمیٹی نے نا مکمل ایوانوں سے آئینی ترمیم کی کالے ہتھکنڈوں کے ذریعے منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی وسینیٹ کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جانے کے فیصلے کی توثیق کی گئی جب کہ جبر، لالچ اور ضمیر فروشی کی ترغیبات کا مقابلہ کرنیوالے اراکین قومی اسمبلی وسینیٹ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے 26 ویں آئینی ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کے لیے قانونی لائحہ عمل کی تیاری لیگل کمیٹی کے سپرد کی گئی جب کہ چیف جسٹس کی نامزدگی کیلیے پارلیمانی کمیٹی اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہفتہ وار بنیاد پر جمعہ کے روز منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا جب کہ سیاسی کمیٹی ہفتے میں دو بار پیر اور بدھ کے روز اجلاس منعقد کرے گی۔