اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دُکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بزدلانہ حملے میں جانیں گنوانے والوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جب کہ صدر مملکت نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔آصف زرداری کہتے ہیں کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے.پاکستان نے بھی دہشت گردی کے عفریت کا سامنا کیا. پاکستان ایسی وحشیانہ کارروائیوں کے درد اور تکلیف کو سمجھتا ہے، دہشت گرد امن اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
علاوہ ازیں صدر مملکت نے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور تمام اقوام کے محفوظ مستقبل کے لیے عالمی برادری کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔