”سیلاب“ رواں مالی سال پاکستان میں افراط زر 13.5 فیصد ہو جائے گا: آئی ایم ایف

کراچی (رائٹرز) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث رواں مالی سال پاکستان میں افراط زر بڑھ کر 13.5 فیصد ہونے کا امکان ہے جبکہ جی ڈی پی 2.75 فیصد رہنے کا خدشہ ہے جس کے باعث اشیائے خورد و نوش اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں خوفناک اضافہ ہو گا۔ مالی سال کے آغاز پر اور سیلاب سے قبل آئی ایم ایف کو پاکستان میں افراط زر 11.5 اور جی ڈی پی (شرح نمو) 4.25 فیصد رہنے کی توقع تھی۔ آئی ایم ایف کے مطابق صورتحال میں تیزی سے یہ تبدیلی پاکستانی تاریخ کے بدترین سیلاب کے باعث ہوئی ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ سیلاب کے باعث پاکستان کی مجموعی فصلوں کا 8 فیصد تباہ ہوا ہے جو زراعت سے جڑی صنعتوں کو بڑا نقصان پہنچائے گا۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ اس وقت سٹیٹ بنک آف پاکستان کو متوازن اقدامات کے لئے مشکلات کا سامنا ہے اس لئے مانیٹری پالیسی ترتیب دینے کے لئے بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن