ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے ایک سو ٹھہتر رنز کا ہدف دیدیا۔

Sep 23, 2012 | 17:57

خصوصی رپورٹر

پالی کیلے میں جاری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو ستتر رنز بنائے۔ اوپنرعمران نذیر اور کپتان محمد حفیظ نے ٹیم کو سینتالیس رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ عمران نذیر پچیس رنز بنا کر ٹم سوتھی کی گیند پرانہی کے ہاتھوں
کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمدحفیظ اورناصرجمشید
نے دوسری وکٹ کی شراکت میں چھہتر رنز بنائے۔ محمدحفیظ تینتالیس رنز بناکر جیمزفرینکلن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ناصرجمشید چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے پینتیس گیندوں پر چھپن رنز بنا کر ڈینئیل ویٹوری کا شکار بنے، ناتھن میک کیلم نے انکا کیچ لیا۔ بھارت کے خلاف وارم اپ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ دکھانے والے کامران اکمل اس بار ناکام ہوئے اور صرف تین رنز بنا کر ناتھن میک کیلم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جیکب اورم نے انکی وکٹ حاصل کی۔ عمراکمل پندرہ گیندوں پر تئیس رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہوئے انکی وکٹ بھی جیک اورم نے حاصل کی۔ شاہدآفریدی میچ کی آخری گیند پر بارہ رنز بنا کر سوتھی کی گیند پر ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نو رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔

مزیدخبریں