ایف بی آر کی ٹیکس دہندگان کی تعداد میں ایک لاکھ اضافے کی پالیسی ناکام

Sep 23, 2013

اسلام آبا د(آئی این پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹیکس دہندگان کی تعداد میں ایک لاکھ اضافہ کیلئے پالیسی بری طرح ناکام ہوگئی، ایف بی آر ایک بار پھر ملک کے لاکھوں ٹیکس چوروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے میں کامیاب نہ ہوسکا‘  رواں سال جولائی تا ستمبر ایف بی آر نے 30 ہزار سے زائد ٹیکس ادا نہ کرنے والے امیر افراد کو نوٹس جاری کیے گئے جبکہ بمشکل 2000 ہزار سے زائد افراد نے خود کو ایف بی آر میں رجسٹرڈ کرایا جبکہ ان میں بھی اکثریت نے اپنی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ زراعت بتایا ہے۔ ذرائع کے مطابق مالی سال 2013-14ء کے بجٹ کی تیاری کے وقت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی انتظامیہ نے 2475 ارب روپے کے ٹیکس ہدف کے حصول کے لئے نئی حکومت کو ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافے کا منصوبہ پیش کیا جس کے تحت ایک لاکھ افراد کو نوٹس جاری کیے جانے تھے جو کہ پرتعیش زندگی گزارتے ہیں مگر ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ مذکورہ پالیسی کی وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ایف بی آر  نے جولائی تا ستمبر 2013ئ30ہزار سے زائد امیر ترین افراد کو نوٹس جاری کیے گئے جو کہ ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مذکورہ نوٹسز کے نتیجے میں تاحال صرف دو ہزار سے زائد افراد نے خود کو ایف بی آر میں رجسٹرڈ کرایا ہے جبکہ ان میں سے اکثریت نے اپنی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ زراعت کو بتایا ہے۔ واضح رہے کہ زرعی آمدن ہمارے ہاں ٹیکس سے مستثنیٰ ہے۔ ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کرنے کی مذکورہ پالیسی کی ناکامی سے مالی سال 2013-14ء کا ٹیکس وصولیوں کا ہدف خطرے میں پڑ گیا ہے۔

مزیدخبریں