”ڈاکٹروں کی معطلی“ جناح ہسپتال کا پیرامیڈیکل سٹاف آج ہڑتال کریگا

”ڈاکٹروں کی معطلی“ جناح ہسپتال کا پیرامیڈیکل سٹاف آج ہڑتال کریگا

لاہور (ثناءنیوز) جناح ہسپتال کے پیرامیڈیکل سٹاف نے آج سوموار کو ہڑتال کا اعلان کردیا۔ آو¿ٹ ڈور میں پرچی نہیں بنے گی اور آپریشن تھیٹر سمیت دیگر شعبوں میں بھی پیرامیڈیکس کے اہلکار فرائض سرانجام نہیں دیں گے۔ یہ بات چیئرمین پیرامیڈیکل الائنس جناح ہسپتال ریاض بلوچ نے صحافیوں کو بتائی۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت پنجاب نے عجلت میں انکوائری کرکے ایم ایس سمیت دیگر سینئر ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی جب تک مذکورہ افسروں کو بحال نہیں کیا جاتا وہ احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ریاض بلوچ نے وزیراعلی محمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ سانپ ڈسنے سے مریض کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے اعلی کمیٹی تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس واقعہ میں ہسپتال کا کوئی بھی ملازم ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ریاض بلوچ نے کہاکہ محکمہ صحت پنجاب کے حکام نے اصل حقائق سے وزیراعلی پنجاب کو آگاہ نہیں کیا جس کی وجہ سے پیرامیڈیکس نے ہڑتال کی کال دی۔ انہوں نے کہاکہ آج آو¿ٹ ڈور، آپریشن تھیٹر و دیگر وارڈوں میں کوئی بھی اہلکار کام نہیں کرے گا۔ دریں اثناءپی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ وہ پی ایم ڈی سی کے جعلی انتخابات کو یکسر مسترد کرتی ہے اور لاہور ہائی کورٹ کے واضح احکامات کی موجودگی میں الیکشن کروانے پر کمیشن کے اراکین کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائےگی۔ پی ایم اے پنجاب کی مجلس عاملہ کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ حکومت ایڈہاک ازم کی بجائے سالہا سال سے ترقی کے منتظر ڈاکٹرزکو ترقی دے کر خالی آسامیاں پُر کرے۔ ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ایک طرف تو ہمارے ساتھ مذاکرات میں قواعد و ضوابط ترتیب دینے کیلئے تجاویز مانگی گئیں اور دوسری طرف ڈاکٹروں کے خلاف ناجانے کن رولز کے تحت کاروائی بھی شروع کر دی ہے۔ اگر پرائیویٹ ہسپتالوں کے مالکان کے خلاف تجویز کردہ کارروائی عمل میں آتی ہے تو سیکرٹری صحت اور وزیر صحت کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیئے۔ میڈیکل پروفیشن کی طرف سے انتہائی محنت اور جانفشانی سے مریضوں اور پیشے کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ کی صورت میں بہترین کاوش کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے جو کہ میڈیکل پروفیشن کو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ ہم وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین ہیلتھ کیئر کمیشن جسٹس عامر رضا خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ میڈیکل پروفیشن کے ساتھ وعدے کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قواعد و ضوابط ترتیب دیں تاکہ صحیح معنوں میں اس ایکٹ کے ثمرات عام مریضوں اور میڈیکل پروفیشن تک پہنچ سکیں۔ جناح ہسپتال لاہور میں سانپ کے کاٹنے سے ہونے والے سانحہ پرڈاکٹروں کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مجلس عاملہ نے میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر پروفیسر تحسین النبی ساہی کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس سلسلے میں اصل حقائق اور حکومتی ایکشن پر مبنی اپنی رپورٹ 48گھنٹے میں پی ایم اے پنجاب کے توسط سے میڈیا کو پیش کرے گی۔ اس کمیٹی کی رپورٹ کے آنے تک متعلقہ ڈاکٹر صاحبان کے خلاف کی جانے والی کارروائی معطل کی جائے اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ان ڈاکٹروں کو شنوائی کا موقع دیا جائے۔
ہڑتال

ای پیپر دی نیشن