لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ حکومت اپنے تمام دعووں اور وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ اسے حقیقت پسندی سے کام لینا چاہئے اور قوم کو بتا دینا چاہئے کہ الیکشن سے پہلے جو وعدے اور دعوے قوم سے کئے تھے، وہ غلط کر بیٹھے۔ یہ وعدے پورے نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے نوجوانوں کیلئے 20 ارب روپے کا پیکیج ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے اور یہ پیکیج ناقابل عمل ہے۔ مسلم لیگ (ن) گزشتہ 5 برس مسلسل پیپلز پارٹی پر تنقید کرتی رہی مگر اب انہیں سمجھ آگئی ہے کہ حالات بہت گھمبیر ہیں۔ دریں اثناءق لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مکمل ناکام ہوچکی۔ دہشت گردی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔ مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کررہے ہیں۔ وفاقی حکومت کی 110 روزہ اور پنجاب حکومت کی 5 سال 110 دن کی کارکردگی صفر ہے۔ نوجوانوں کے لئے پیکیج بھی ناکام ہوگا۔
منظور وٹو