اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: گورنر پنجاب

اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: گورنر پنجاب

Sep 23, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کامران مائیکل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے پشاور میں ہونے والے بم دھماکوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسے ملک دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا جو مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمارا ملک ایسے اندوہناک اور ناقابل برداشت نقصانات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث ان شرپسند عناصر کا کوئی مذہب نہیں۔ اقلیتوں کے حقوق اور ان کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ غم کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے اور اس واقعے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے۔ ہم مسلم کرسچئن باہمی اتحاد کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔ ملکی سلامتی اس کے استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل جل کر جدوجہد کریں گے۔
گورنر پنجاب

مزیدخبریں