سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ : پاکستان نے کوریا کو 3-0 سے شکست دیدی

سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ : پاکستان نے کوریا کو 3-0 سے شکست دیدی

Sep 23, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) تیسرے سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان جونیئر ٹیم نے کوریا کو تین صفر سے مات دی۔ دلبر حسین نے دو جبکہ کپتان عمر بھٹہ نے ایک گول سکور کیا۔ ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور کوریا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول سکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ دوسرے ہاف میں کھیل کے 47 ویں منٹ میں دلبر حسین نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی ۔چھ منٹ بعد کپتان عمر بھٹہ نے بال کو جال کی راہ دکھا کر پاکستان کی برتری کو ڈبل کر دیا۔ میچ ختم ہونے سے سات منٹ قبل ایم دلبر نے انفرادی دوسرا جبکہ ٹیم کی جانب سے تیسرا گول کر کے مقابلہ تین صفر کر دیا۔ میچ کے اختتام تک میچ کا سکور تین صفر ہی رہا۔ گذشتہ روز کھیلے جانے والے دیگر میچز میں بھارت نے انگلینڈ کو دو ایک سے ہرا دیا۔ تیسرے میچ میں ملائیشیا نے ارجنٹائن کو ہرایا۔آج پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے مدمقابل ہو گی۔ بھارت اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ملائیشیا کی ٹیم کوریا کے مدمقابل ہو گی۔

مزیدخبریں