مبینہ شیلنگ: افغانستان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کیخلاف احتجاج کا فیصلہ

Sep 23, 2014

کابل (آئی این پی+ این این آئی) افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ ضرار احمد عثمانی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی سرحد پار شیلنگ اور مبینہ جارحیت کیخلاف احتجاج کریں گے۔ پیر کو افغان وزارت خارجہ کے ترجمان احمد شکیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر خارجہ ضرار احمد عثمانی نیو یارک چلے گئے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں افغانستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ ڈیورنڈ لائن پر مبینہ پاکستانی حملوں بارے بھی شکایت کریں گے۔ وزیر خارجہ سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ ترکمانستان، آذر بائیجان اور جارجیا کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ادھر افغان حکام نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان کی جانب سے دوسرے روز بھی 165 راکٹ فائر کئے گئے۔ کنڑ میں 2خواتین ہلاک اور متعدد گھر تباہ ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں