لندن میں قادری سے ملاقات ہوئی تو کیا ہوا‘ اتوار کو لاہور میں جلسہ ہو گا : عمران

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چئرمین عمران خان نے کہا  کہ  28 ستمبر کو سونامی لاہور آئے گی مینار پاکستان پر انسانوں کا سمندر لایا جائے گا جہاں خطاب کے بعد میں  واپس  اسلام آباد کے دھرنے میں پہنچوں گا  جمعہ کو اسلام آباد میں تاریخی جلسہ کریں گے۔ جس میں بھی عوامی سمندر امڈ آئے گا حکومت نے بجلی کے بلوں میں 70 ارب روپے کی اوور بلنگ کی ہے عام آدمی اب بجلی کے بل جلا رہے ہیں میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر اب 70 ارب روپے کی اوور بلنگ کی ہے تو حکمران اگلے ماہ 80 ارب روپے کی اووربلنگ کردیں گے میں عوام میں اپنے حقوق کیلئے شعور اجاگر ہونے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کی شب ڈی چوک دھرنے میں خطاب کرتے ہوئے کیا عمران خان نے آزادی رضاکار بنانے کیلئے بھی پروگرام کا اعلان کردیا جس میں کہا گیا ہے  عوام 80022 پر ایس ایم ایس کرکے آزادی رضا کار بن جائیں جس پر ہم انہیں ایس ایم ایس کے آزادی رضا کار کی حیثیت سے دس طریقے بتائے جائیں گے کہ وہ کیسے کام کریں انہوں نے کہا   نواز شریف جو امیرالمومنین بننا چاہتے تھے لیکن آپ نے ان چالیس دنوں میں ان کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں عوام کہتی ہے ہم ان کا مقابلہ کریں گے چاہے ان پر آنسو گیس ماری جائے ہم ان کا استعفیٰ لے جانے کیلئے یہاں بیٹھیں پاکستان کے عوام اب گھر گھر جاگ گئے ہیں کل کراچی میں ائرپورٹ سے جلسہ گاہ تک سارا راستہ لوگ کھڑے گو نواز گو کا نعرہ لگا رہے تھے لوگ درختوں پر چڑھ گئے پاکستانی اب نئی قوم بن گئے ہیں لیکن اب ہمیں اپنے آپ کو اندر سے بدلنا ہے۔ ہمیں مفکر پاکستان علامہ اقبال کا شاہین بننا ہے پہلے خود کو بدلتے ہوئے ہم نے سچ بولنا ہے سچے لوگوں کی ہی دنیا عزت کرتی ہے میں جاپان گیا تو وہاں جا کر سوچا یہ ملک اتنا چھوٹا لیکن اتنی ترقی کیسے کرگیا  مجھے ٹیکسی ڈرائیور نے کہا  یہاں کوئی کسی کا بھول جانے والا پرس اپنے پاس نہیں رکھتا اور کوئی مزدور امیر سے اپنے کام کی ٹپ نہیں لیتا عمران خان نے کہا کہ قائداعظم سیدھی اور سچی بات کرتے تھے ہمیں ہمارے پیارے نبیﷺ نے ہمیں ہمیشہ سچ بولنے کا حکم دیا ہے اس لئے ہمیں اندر سے بدلنا ہے تو پہلے سچ بولنا ہے جب لیڈر سچا ہوتا ہے تو اسے کسی کا خوف نہیں ہوتا خوف کو قابو پانے والا ہی لیڈر بنتا ہے انہوں نے کہا  دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ بھی کوہ پیمائوں نے ڈر پر قابو پاکر سر کی جو لیڈر میرٹ پر فیصلے نہیں کرتا اسے کوئی عزت نہیں دیتا اپنے اندر کی میں ہمیں ختم کرنی ہے انسانیت کیلئے کام کرنے والوں کو دنیا ہمیشہ یاد رکھتی ہے مدر ٹریسا نے کلکتہ میں انسانیت کی خدمت کی جن کی ہر جگہ عزت تھی ہمارے حکمران اپنے آپ کو امیر اور عوام کو غریب کرتے جا رہے ہیں آج نواز شریف جہاں جاتے ہیں گو نواز گو کا نعرہ سنتے ہیں یہ نعرہ لوگوں کے دلوں میں اللہ نے ڈالا ہے کوئی کسی میں تبدیلی نہیں لا سکتا یہ صرف اللہ کے کام ہیں۔ انہوں نے کہا  میں جیسے ہی نواز شریف کا استعفیٰ لوں گا اس  کے بعد سندھ اور بلوچستان جائوں گا سندھ کے ہاریوں جیسا حال تو میں نے برطانیہ میں جانوروں کا بھی نہیں دیکھا۔ سندھی بھائی اس ناانصافی کو قبول نہ کریں میں ان کی رہنمائی کروں گا۔ قبل ازیں   آن لائن، نوائے وقت رپورٹ  کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا  ایم کیو ایم سے کوئی مک مکا نہیں ہوا، لندن پلان کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں لندن میں طاہرالقادری سے ملاقات ہوئی تو پھر کیا ہوا۔  انہوں نے کہا طاہرالقادری سے تو ڈیووس میں بھی ملاقات ہو چکی ہے۔ کہیں نہیں جا رہے یہیں قربانی کریں گے۔ 6 میں سے کوئی مطالبہ منظور نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم نہ بھی بنوں، قوم کو جگانا چاہتا ہوں۔  مزید برآں اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا وزیراعظم نہ بھی بنوں، چاہتا ہوں قوم جاگ جائے۔ ایم کیو ایم سے کوئی مک مکا نہیں۔ حکومت جھوٹ بول رہی ہے، ہمارا ایک بھی مطالبہ منظور نہیں ہوا۔ لندن پلان کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں۔ طاہرالقادری سے ڈیووس میں ملاقات ہوئی لیکن کسی منصوبے کے تحت نہیں۔ تین دن کے نوٹس پر کراچی میں بڑا جلسہ کیا۔  شیلنگ کے دوران 8 افراد شہید، 45 زخمی ہوئے۔ لوگ نکل آئے ہیں کراچی جلسہ ایک اشارہ تھا۔  قوم حسنی مبارک کو قبول نہیں کرے گی۔ نواز شریف کے استعفے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
عمران خان

ای پیپر دی نیشن