نظربندیوں پر ڈی سی اوز نے اندھیر نگری مچا رکھی ہے، قانونی جواز دیں: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 46 کارکنوں کی نظربندیوں کیخلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران قرار دیا نظربندیوں سے متعلق ڈی سی او ز نے صوبے میں اندھیرنگری مچا رکھی ہے، لگتا ہے کہیں بیٹھا ایک کلرک نظربندیوں کا حکم جاری کر رہا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے محمد خان اور دیگر کی طرف سے دائر پانچ درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکلاءنے موقف اختیار کیا حکومت سیاسی کارکنوں کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، ان نظربندیوں کوکالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے 46 کارکنوں کے وکلاکی درخواستوں کی نقول ہوم سیکرٹری کو بھجواتے ہوئے حکم دیا ہوم سیکرٹری دو دنوں میں ان کارکنوں کی نظربندیوں کا قانونی جواز پیش کریں یا پھر خود ہائیکورٹ میں پیش ہوں، عدالت نے حکم دیا عدالتی حکم فوری طور پر ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجو ا دیا جائے، آئندہ سماعت پر نظربندیوں کے حوالے سے کوئی حیلہ بہانہ نہیں چلے گا، عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
اندھیرنگری

ای پیپر دی نیشن