لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو خواب میں بھی گو نواز گو، شہباز گو کے نعرے اور دھرنے سنائی دیتے ہیں یہ نعرہ ہر دل کی آواز بن چکا ہے اور اب تو ن لیگ کے رہنما اور کارکن بھی یہ نعرے لگا رہے ہیں۔ گجرات میں مرکزی انجمن تاجران کے وفد، سابق بلدیاتی عہدیداروں اور مسلم لیگی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے انتخابات میں بدترین دھاندلی کیخلاف آواز اٹھائی اور اب تمام جماعتیں اس دھاندلی کا ذکر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ظلم اور دھاندلی کے خلاف احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ہے اور یہ غیر آئینی نہیں البتہ انتخابی نتائج بدلنا غیر آئینی، غیر قانونی اور سنگین ترین جرم ہے۔ انہوں نے کہا اب تو حکمرانوں کے قریبی ساتھی بھی ملک میں کرپشن، بدامنی اور نالائقی کا برملا اعتراف کرنے پر مجبور ہیں جن حکمرانوں سے عوام مطمئن نہ ہوں اور کہیں نہ کہیں سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہوں وہ کیسے مقبولیت کے دعوے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکمران دھرنے سے خوف زدہ ہیں، شامت اعمال سے ان کی نیند حرام ہو چکی ہے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد مستعفی ہو جائیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو۔
پرویز الٰہی