لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے انتخابات برائے 2014-15ءمیں معروف صنعت کار ایس ایم تنویر کو بلا مقابلہ مرکزی چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ ایس ایم تنویر 2013-14 ئ میں اپٹما پنجاب زون کے چیئرمین رہے اور اب تک پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ چھ سال سے بزنس مین گروپ اپٹما کے انتخابات جیت رہا ہے۔ اپٹما کے نومنتخب مرکزی چیئرمین ایس ایم تنویر نے کہا ہے ان کی ترجیحات پاکستان ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، بینکوں کے قرضوں پر شرح سود میں کمی، بجلی اور گیس کے نرخوں کو حقیقت پسندانہ بنانا اور ٹیکسٹائل برآمدات کو آئندہ پانچ برسوں میں دگنا کرنا ہے جس کے لئے وہ جلد ایکشن پلان بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نومنتخب جمہوری حکومت کے خلاف احتجاجی دھرنوں اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ٹیکسٹائل برآمدات متاثر ہوئی ہیں۔ سندھ اور خیبر پی کے کی نسبت پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کیلئے بجلی اور گیس کی زیادہ لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
اپٹما/ چیئرمین
ایس ایم تنویر اپٹما کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اولین ترجیح قرار
Sep 23, 2014