اسلام آباد (آن لائن)ایم کیو ایم کو منانے کیلئے ایک بار پھر حکومت متحرک ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات میں بیشتر امور پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ کراچی میں آپریشن سے متعلق حکومتی لچک نے متحدہ کو گھیر لیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر ایم کیو ایم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جس پر فاروق ستار نے اپنی قیادت سے بات کر کے باقاعدہ ملاقات کی ہے اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن سے متعلق ایم کیو ایم کے موقف پر حکومت نے بھی لچک کا مظاہرہ کیا اور اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کی جانب سے دو ٹوک موقف اپنایا کہ جرائم پیشہ افراد کے حوالے سے کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا تاہم بے گناہوں کو بھی گرفتار بھی نہیں کیا جائیگا۔ اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم کو آئندہ اسمبلی اجلاس میں آنے کی خصوصی دعوت دی جس پر ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے مثبت جواب دیا ہے۔