پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی سازش ناکام ہو گئی: فضل الرحمان خلیل

Sep 23, 2016

اسلام آباد (محمد نوازرضا وقائع نگار خصوصی) انصارالامہ پاکستان کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاہے کہ بھارت جنگی مجرم ہے کشمیرکی آزادی کے لیے مذاکرات کی بجائے دیگر آپشنز پر بھی غور کرنا ہو گا۔ بھارتی حکومت اور مودی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں آزادی کی تحریک میں شدت کے باعث بے سروپا الزامات لگا کر خطے کو جنگ کی بھٹی میں دھکیلنے کیلئے امریکی سرپرستی میں بھارت اور افغانستان بڑھکیں لگارہے ہیں، بھارت کی طرف سے پاکستان کوعالمی دنیامیں تنہاکرنے کی سازش ناکام ہوگئی ہے، پاکستان خطے میں تبدیلی کامرکز ہے بھارت سمیت کوئی بھی طاقت پاکستان کو کمزور نہ سمجھے، نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کی بھرپور ترجمان کی۔ خصوصی انٹرویو میں مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ اقو ام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم نے اپنے جامع خطاب میں کشمیریو ں کی بھرپور ترجمانی کی اور بھارتی ریاستی دہشت گردی بے نقاب کی، حکومت پاکستان یہ تسلسل جاری رکھتے ہوئے بھارت کو دنیا بھر میں مجرموں کے کٹہر ے میں کھڑا کیا جائے، اس ہدف کے حصول کے لئے غیر روایتی اقدامات کئے جائیں، دیگر سیاسی قائدین بھی وقت کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے بھارتی مذموم عزائم کا منہ توڑ جواب دینے کی تیاری کریں، کشمیریوں کی پشتیبانی کا حق قومی یکجہتی ہی کے ذریعہ ممکن ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ حالیہ سٹریٹیجک معاہدے میں امریکہ بھارت اورافغانستان کے درمیان پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق ہو چکا ہے۔ بھارت کوئی بھی غلطی کرنے سے قبل یہ سوچ لے کہ دنیا کی واحد ہندو ریاست صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ عمران خان ملکی سلامتی اورموجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنا 30 ستمبر کا مارچ ملتوی یا مؤخر کر دیں۔ کشمیری عوام کو جبر سے محکوم نہیں رکھا جا سکتا، 76 دنوں میں بھارتی تشدد سے 100 کشمیریوں کی شہادت عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔

مزیدخبریں