محسوس ہوتا ہے کہ جلد بازی میں بنایا خیبر پی کے لوکل باڈیز نظام خامیوں سے بھرا ہے: چیف جسٹس

Sep 23, 2017

اسلام آباد(آئی این پی)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ خیبر پی کے کا بلدیاتی نظام غلطیوں سے بھرا ہے لگتا ہے جلدبازی میں قانون کہیں سے کاپی پیسٹ کیا گیا ہو۔جمعہ کو پارٹی سے نکالے گئے خیبرپی کے کے بلدیاتی نمائندوں کی درخواست کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر وکیل نے کہا پارٹی ہدایات کے باوجودمنتخب نمائندوں نے مخالفین کو ووٹ دیا،جے یو آئی لکی مروت کے پانچ کونسلرز کو پارٹی سے نکالا گیا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا ریکارڈ پرایسی کوئی بات موجود نہیں ہے،جب پارٹی نے ہدایات ہی نہیں دی تو خلاف ورزی کیسی؟اس پروکیل نے جواب دیا کہ تحریک انصاف نے ضلع ناظم ایبٹ آباد کو پارٹی سے نکالا۔چیف جسٹس نے کہا کہ خیبر پی کے کا بلدیاتی نظام غلطیوں سے بھرا ہے۔ لگتا ہے جلدبازی میں قانون کہیں سے کاپی پیسٹ کیا گیا،کسی نے بلدیاتی قانون کا تفصیل سے جائزہ ہی نہیں لیا،لگتاہے جلد از جلدالیکشن کرانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ واضح نہیں لکی مروت میں جے یو آئی کا امیدوار کون تھا۔اس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ پارٹی کا امیدوار ہی نہ ہوتو ووٹ دینے والا آزادہوتاہے،عدالت نے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف جسٹس

مزیدخبریں