لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیف سلیکٹرانضمام الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا کےخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان آج کیا جائےگا، یاسر شاہ گزشتہ روز فٹنس ٹیسٹ نہیں دے سکے۔ چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں 5فاسٹ باﺅلرز کا شامل کیا جائےگا۔ لیگ سپنر یاسر شاہ اہم باﺅلر ہیں ان کے فٹنس ٹیسٹ کی رپورٹ آنے بعد ٹیم کا اعلان کیا جائےگا۔فٹنس کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں ہی سلیکشن کمیٹی یاسر شاہ کو ٹیم میں شامل کرے گی۔ اظہر علی گھٹنے کی تکلیف کا شکار تھے لیکن اب تیزی سے بہتر ہورہے ہیں۔ذرائع کے مطابق دو ٹیسٹ میچز کے لیے منتخب کی جانے والی 16 رکنی ٹیم سے محمد رضوان اور بلال آصف کو ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔پاکستان ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی نے سوچ و بچار کے بعد گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا بیٹسمین اظہر علی کو ٹیم کے ساتھ متحدہ عرب امارات لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔اظہر علی کو جلد فٹ کرنے کے لئے انہیں انجکشن لگایا گیا۔ ان کی فٹنس کو دیکھتے ہوئے اوپنر احمد شہزاد کو بھی ساتھ لے جانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ہوم سیریز کے باوجود پی سی بی 17 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھیجنے کو تیار نہیں ہے۔ تو قع ہے کہ 16 رکنی ٹیم میں لیفٹ آرم اسپنر محمد اصغر کو شامل کیا جائے گا۔ محمد اصغر پاکستان ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دورے کر چکے ہیں اس لئے انہیں ترجیح دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر علی کی میڈیکل رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں لیکن سینئر بیٹسمین پر ٹیم انتظامیہ چانس لینے کو تیار ہے۔ سکواڈ سرفراز احمد (کپتان)، شان مسعود، سمیع اسلم، احمد شہزاد، حارث سہیل، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، عثمان صلاح الدین، محمد عامر، حسن علی، یاسر شاہ، محمد اصغر، وہاب ریاض، محمد عباس اور میر حمزہ پر مشتمل ہوسکتا ہے۔سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ آج اختتام پذیر ہوگا۔پریکٹس میچ ڈرا ہو گیا۔ پی سی بی وائٹس نے بغیر کسی نقصان کے 82 رنزپراننگز دوبارہ شروع کی ۔وپنر سمیع اسلم 50 اور شان مسعود 43 پرریٹائرڈ ہو گئے، محمد رضوان 25 رنز پر ناقابل شکست رہے، اسد شفیق 13 رنز بنا سکے۔ وائٹس نے 55 اوورز میں 3 وکٹ پر 144رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔گرینزکے محمد عامر، محمد عباس اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پی سی بی گرینز کھیل کے اختتام تک 37.4 اوورز میں 6 وکٹ پر 91 رنز بنا سکی۔ احمد شہزاد 30، حارث سہیل 20 جبکہ عرفان جونیئر11 رنز بنا سکے۔ کپتان سرفراز احمد 5، عثمان صلاح الدین 4 اور محمد اصغر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ وائٹس کے حسن علی نے 8 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 شکار کئے، یاسر شاہ، بلال آصف اور سیف الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔