روہنگیا مسلمانوں کی حمایت‘ میانمار میں پاکستانی سفیر کی طلبی‘ مظالم کیخلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے

لاہور/ ینگون (خصوصی نامہ نگار + صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے حکومت نے ابھی تک قومی جذبات کی ترجمانی کی نہ برما کے سفیر کو ملک بدر کیا۔ حکمران عالمی طاقتوں کے خوف سے مظلوم مسلمانوں کے حق میں زور دار آواز نہیں اٹھاتے۔ عالم اسلام میں قومی غیرت اور اسلامی حمیت والے حکمران ہوتے تو میانمار، کشمیر اور فلسطین میں اس طرح مسلمانوں کا قتل عام نہ ہوتا۔ رجب طیب اردگان کے علاوہ کسی مسلم حکمران نے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی اور غمگساری کے رویے کا اظہار نہیں کیا اور نہ کسی نے مہاجر کیمپوں میں جا کر انہیں دلاسہ دیا اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوش کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی فوری طور پر روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کا دورہ کریں اور خود بھی میانمار حکومت سے تجارتی اور ہر طرح کے تعلقات توڑیں اور مسلم ممالک کو میانمار کے بائیکاٹ پر آمادہ کرکے اسلامی ممالک سے میانمار کے سفیروں کو نکالنے کا مطالبہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع اور جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے محرم الحرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام جدوجہد اور قربانی کا پیغام دیتا ہے اور باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے اور حق کے لیے جان نچھاور کر دینے کے جذبہ کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حضرت امام حسین ؓ نے جان مال گھر بار اور اولاد کی قربانی دے کر قیامت تک آنے والی نسلوں کو پیغام دیاہے کہ باطل کے آگے سر جھکانے کی بجائے سر کٹوا دینا مگر کبھی حق سے پیچھے نہ ہٹنا۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں، لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیاکہ میانمار کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کر کے پاکستانی سفیر کو میانمار سے واپس بلایا جائے اور میانمار سے ہر قسم کی تجارت اور تعلقات ختم کیے جائیں۔ عالم اسلام روہنگیا مسلمانوں کے تحفظ اور اراکان میں ان کی آزاد ریاست کے لیے اقوا م متحدہ میں آواز اٹھائیں۔ یوم یکجہتی کے موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام منصورہ ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور مولانا عبدالمالک نے کی۔ احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور انجمن تاجران ملتان روڈ کے صدر ذیشان علی نے بھی خطاب کیا۔ مزید برآں پاکستان کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے حق میں آواز اٹھانے پر میانمار نے پاکستانی سفیر کو طلب کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق روہنگیا مسلمانوں سے متعلق پاکستان کے بیان پر میانمار نے پاکستانی سفیر ڈاکٹر خالد میمن سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے بھی میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور مظالم روکنے کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینٹونیو گوئٹرس نے میانمار کو خبردار کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کا سلسلہ جاری رہا تو پورا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوجائیگا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...