لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کی عیادت اور نواز شریف سے ملاقات کیلئے آج ہفتہ کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 کے ذریعے لاہور سے لندن جائیں گے، حمزہ شہباز سمیت دیگر اہل خانہ بھی لندن میں موجود ہیں۔ شہباز شریف کے ساتھ ان کے فیملی فرینڈ چوہدری مصطفی رمدے بھی لندن جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف لندن میں ایک ہفتہ قیام کے بعد 30ستمبر کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758میں سوار ہو کر یکم اکتوبر کی صبح لاہور ایئر پورٹ پر اتریں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ لندن میں قیام کے دوران یہ سرکردہ لیڈر ملک کی صورت حال اور شریف فیملی کے مقدمات کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کریں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف چھیاسٹھ برس کے ہو گئے ہیں۔ آج ہفتہ کو ان کی 66 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے زیراہتمام تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف 23ستمبر1951ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔